برج حمل  : آج دوسروں سے متاثر ہوئے بغیر اپنے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے اور بہترین کامیابی کا حصول ممکن بنانے کا موقع مل سکے گا جبکہ اپنی نئی کاروباری سرگرمیوں کی وجہ سے دوسروں سے آگے نکل سکیں گے۔اپنے دوستوں کی مدد سے اپنے آپ کو کامیاب بنا سکیں گے لیکن مالی حالت سے غیرمطمئن ہونے کے باوجود آپکوجذباتی نہیں ہونا چاہئے۔شام میں معقول رقم کا حصول ممکن ہوسکے گا۔آپ چونکہ اپنے ہر معاملہ میں بہت زیادہ منہمک ہو جاتے ہیں اور اس کے لئے آپ کو کسی خاص موقع کی ضرورت بھی پیش نہیں آتی بلکہ جو بھی کام کر رہے ہوتے ہیں اسی میں مگن ہو جاتے ہیں اور آج بھی شائد آپ کو اپنے معمول سے ہٹ کر کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

برج ثور : آج اپنے آپ کو مختلف امور میں الجھانے سے گریز کریں اور اپنے آرام کا خاص خیال رکھیں۔ ویسے بھی آپ کے ہاں کچھ مہمانوں کی آمد متوقع ہے جبکہ دوسری جانب آپ خود اپنے دوست احباب سے ملاقات کا پروگرام بنا سکتے ہیں۔آج اپنے آپ کو ناکامی سے بچانے اور زیادہ سے زیادہ فوائد کاحصول ممکن بنانے کے لئے اپنے وقت کا مناسب اور بہترین استعمال یقینی بنائیں۔ دوسروں سے خواب و خیال کی باتیں کرکے انہیں متاثر کرنے کی کوشش بالکل نہ کریں کیونکہ اس طرح آپ کا مذاق بھی اڑ سکتا ہے۔ آپ میں اپنے آپ کو متحرک کرنے کے لئے بہترین توانائی موجود ہونے سے آپ باآسانی اپنے اہم امور کی تکمیل میں مصروف ہو سکیں گے۔

برج جوزا : آج کسی نئی شراکتی سرگرمی کاآغاز انتہائی مہارت سے کرنے کی کوششوں کو کامیاب بنا سکیں گے جبکہ اپنے ستاروں کے سعد اثرات سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار رہنا بھی ضروری ہوگا لیکن ایک بات یاد رکھیں کہ ایک وقت میں صرف ایک ہی کام سرانجام دینے کی کوشش کریں تاکہ کامیابی آپکے قدم چوم سکے۔ آپ کی کاروباری یاپیشہ وارانہ زندگی میں بہت سی نمایاں تبدیلیاں رونما ہوسکتی ہیں۔اس کے علاوہ اپنی ظاہری اور خفیہ دوستی کو بھی مزید مضبوط بنا سکیں گے۔ علاوہ ازیں آپ کی گفتگو کے ذریعے سے دوسروں کو مسخر کرنے کی خوبی بہت کارگر اور موثر ہو سکے گی جس کی وجہ سے دوستی بھرے نئے رشتے بھی استوارہو سکیں گے۔

برج سرطان: آج اپنے التواء کے شکارکاروباری منصوبوں کونئے انداز سے تکمیل کے مراحل تک پہنچانے کی کوششوں کا آغاز کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔جس سے آپ کو بہت سی رقم کمانے کے مواقع میسر آ سکیں گے اور معاشرے میں اپنی سماجی حیثیت کو بھی بہتر بنا سکیں گے۔آپ کے ان عملی اقدامات کے نتائج بہت جلد آپ کے سامنے آ سکیں گے۔آج آپ کے پاس اپنے مختلف امور کو انجام دینے کی نہ صرف اہلیت موجود ہوگی بلکہ آپ میں ایسی صلاحیتیں بھی پوشیدہ ہیں کہ جنہیں حسب خواہش متحرک کرکے کامیابی حاصل کر سکیں گے لیکن آج آپ کے تمام امورمیں سب سے زیادہ ضروری چیز آپ کا تحمل اور بردباری ہی ہوگا ۔

برج اسد: آج اپنے سر انجام دیئے جانے والے امور کے بارے میں دوسروں کے تبصروں اور تاثرات کو انتہائی سنجیدگی سے سنیں اور اپنے علم میں ہونے والے اضافہ سے بھر پور فائدہ اٹھا کر اپنے لئے بہتر راستہ اختیار کرنے کا منصوبہ بنانے کی کوشش کریں ۔اپنے ارد گرد موجود افراد کے ساتھ مالی معاملات پر بحث و مباحثہ کرنے سے گریز کریں کیونکہ آپ کے درگزر اور متحمل مزاجی سے کام لینے کی وجہ سے بہت جلدسب کچھ معمول کے مطابق آ سکے گا۔آج اپنی قوت برداشت کو بڑھانے کی کوشش ضرور کریں کیونکہ آپ کے لئے یہی بہتر موقع ہوگا کہ اپنے طے شدہ امور کے مطابق اپنے گھر میں تبدیلیاں پیدا کرکے اپنے وقت کا موثر استعمال یقینی بناسکیں۔

برج سنبلہ: آج اپنے مالی فوائد کے حصول یا اپنے مالی معاملات میں کامیابی کیلئے بہترین منصوبہ بندی کر سکیں گے کیونکہ مستقبل میں آپ کے لئے سامنے آنے والے معاشی استحکام کے مواقع سے آپ کو بہر حال فائدے حاصل کرنا ہوسکیں گے۔آج مصلحت پسندی سے کام لیں اوراپنے خیالات کا اظہار کرکے صورتحال کو زبردستی اسکے مطابق بنانے سے گریز کریں ورنہ گرماگرمی کا ماحول پیدا ہو جائے گا۔ آج اپنے دوستوں کے ساتھ آپ کے تعلقات مزید مستحکم ہو سکیں گے۔ آپ کو اپنے نئے کاروباری منصوبوں کے بارے میں مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی عمل پیرا ہونے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ بھر پور طریقے سے اپنے مسائل کے حل کی جانب توجہ دے سکیں ۔

برج میزان: آج اگر بات آپ کی ملازمت یا ملازمتی امور کی آجائے تو پھرآپ کو مصلحت پسندی سے کام لینے کی کوشش کرکے اپنے جذباتی اشتعال پر قابو پانا ہوگا اور کسی بھی حالت میں حالات کاشکوہ کرنے یا دوسروں کے سامنے اپنے مشتعل جذبات کا اظہار کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔علاوہ ازیں اپنے سینئرز اور اپنے ساتھ کام کرنے والے افراد کو اپنے غصے یااکتاہٹ بھرے رویے سے بچانے کی کوشش بھی کرنی ہوگی۔اپنے اندر جنم لینے والے بے چین جذبات کی شدت سے اپنے آپ کو مارنے کی کوشش نہ کریں۔آپ کو دوسروں سے لین دین کرتے وقت یا اپنے معاملات کی انجام دہی کے دوران اپنے الفاظ کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرناہوگا ۔

برج عقرب: آج اپنے بارے میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو ختم کرنے کیلئے آپ کو بڑی وضاحت سے صورتحال کا تجزیہ کرنے کی کوشش کر نی ہوگی لیکن اپنے کام میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کیوجہ سے آپکے ساتھ کام کرنیوالے افراد بھی حاسدانہ جذبات سے مغلوب ہوکر آپکی مخالفت پر اتر سکتے ہیں۔آج گھر میں آنیوالے مہمانوں کی خاطر مدارت کیلئے وقت نکالنا ہوگا۔پچھلے کچھ دنوں سے کام کی زیادتی کی وجہ سے آپ کی مصروفیات میں اضافہ ہونے سے آپکی شریک حیات کا غصہ بڑھ چکا ہوگا ۔اسلئے اپنے آپ کو پرسکون رکھنے کیلئے اپنے معاملات میں موجود بے ترتیبی کو ختم کر کے اپنے گھر کے کشیدہ ماحول کو پر سکون بنانے کی کوشش کامیاب بنائیں۔

برج قوس: آج ماحول میں صبح سے ہی پائے جانےوالے ذہنی الجھاؤ سے جان چھوٹ سکے گی جبکہ اپنے دوست احباب سے ملاقات کے دوران اپنے غصے پر قابو پا کرخودکو پرسکون بنانا بھی بہت ضروری ہوگا۔شام میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ باہمی مشاورت کر کے کسی سیروتفریح کے پروگرام پر عمل پیرا ہو سکتے ہیں لیکن اپنے اخراجات کو مدِ نظر رکھنالازم ہوگا۔ اپنے ارد گرد موجود افراد سے ان کی صلاحیت کے مطابق کام لینے کی کوشش کریں اور اپنی تنقیدی صلاحیتوں کے اظہار یا اس کے بے دریغ استعمال میں احتیاط کرکے اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کریں تاکہ پوری توجہ اور تندہی سے اپنے اہم امور کی تکمیل کرنے میں کامیابی حاصل کر سکیں ۔

برج جدی: آج آپ اپنی محنت اور لگن سے کام لے کر باآسانی اپنے معاملات نمٹا سکیں گے۔ان معاملات کے نتائج سامنے آنے سے آپ کیلئے مالی مفادات کے حصول میں کامیاب ہو نا بہت آسان ہوگا۔اپنے آپکو مالی شکوک و شبہات اور بے بنیاد خدشات سے دور رکھیں اور کسی بھی قسم کے وہم کو سر پر سوار نہ ہونے دیں ورنہ بلاوجہ کی پریشانی مسلط ہونے سے آپکا سکون غارت ہو جائے گا۔بہت سے معاملات ایک ساتھ سامنے آنے کی وجہ سے آپ کیلئے کسی ایک کا انتخاب آسان نہ ہوگا جبکہ اپنے آپکو پریشان کرنےکی بجائے آپ اپنی خفیہ صلاحیتوں سے کام لینے کی کوشش کریں کیونکہ آپ بخوبی جانتے ہیں کہ کس کام کو کس طرح سے انجام دیا جا سکتاہے۔

برج دلو: آج آپ کو اپنی ترجیحات کا تعین کئے بغیر عملی قدم اٹھانے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ اگر آپ نے منصوبہ بندی اور صحیح وقت کا تعین کئے بغیر کوئی بھی عملی قدم اٹھایا تو اس کی وجہ سے آپ کے راستے میں بہت سی خفیہ رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں جس سے بد دل ہو کر آپ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام بھی رہ سکتے ہیں۔آپ کو اپنے پرانے یا التواء کا شکار معاملات کو بہتر انداز سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور اپنے مقاصد کے حصول کے لئے مزید اخراجات کے لئے بھی تیار رہنا ہوگا۔آپ کو اپنے اہم کاغذات کی حفاظت کے بارے میں خاص احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہوں گی ورنہ آپ کے لئے بہت سے خطرات جنم لے سکیں گے۔

برج حوت: آج اپنے خاندانی مفادات کے حصول کیلئے آپ کو کسی کاروباری سفر کی منصوبہ بندی کرنے کے علاوہ اپنے عملی اقدامات کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا تاکہ کسی بھی حتمی نتیجے پر پہنچا جا سکے۔آج رقم کے حصول میں وہاں سے کامیابی مل سکے گی جہاں سے آپکو نہ ہونےکے برابرامید تھی۔اس کے علاوہ اپنے معاملات کو مکمل کرنے کیلئے آپ کواپنی شریک حیات سے لازمی مشاورت کرنی چاہئے اور اسے مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات کو نئے سرے سے ترتیب دینے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اسکے لئے چاہے آپ کو اپنی ضد اور اناء کو پسِ پشت ہی کیوں نہ ڈالنا پڑے یا کئی خطرات کیوں نہ مول لینا پڑیں لیکن اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ آپ عقل کو بالکل ہی خیر باد کہہ دیں۔