اس سورہ مبارکہ میں سات آیات ہیں جو سات ستاروں سے منسوب ہیں اور سات ہی دنوں سے منسوب ہیں ۔ عدد ۷ کا ایک الگ را ز ہے ۔یعنی اللہ تعالیٰ کی ذات نے ہفتے کے دن بھی سات ، آسمان بھی سات ، زمینیں بھی سات اور نظام کائنات کو چلانے کیلئے سات ہی اوعل عظم ستاروں کو تخلیق کیا۔ یعنی ستارہ شمس ، قمر ، مریخ عطارد، مشتری، زھر ہ اورستارہ زحل ہیں۔ آپ کی سہولت کیلئے میں نے سورہ فاتحہ کی سات آیات سات دنوں اور سات ستاروں پر تقسیم کردیا ہے اور ایک جدول واضح کردی ہے ۔ آپ اس جدول کو سامنے رکھتے ہوئے روزانہ کے دن اور ستارے کی مناسبت سے آیت اور اسم کا ورد کریں اور اس نقش پر دم کرتے رہیں ۔
جب آپ روزانہ کی آیت اور اسم کے مطابق آیت اور اسم کا ورد ۱۰۰ مرتبہ پڑھیں گے تو آخر میں سات مرتبہ پوری سورہ الحمد پڑھ کر نقش پر دم کریں اور نقش کو سنبھال کر رکھیں دوسرے دن اور تیسرے دن تا آخرآیت ہفتہ کو ختم ہوگی ۔ یعنی اتوار سے شروع کرکے بروز ہفتہ کو یہ عمل ختم کرنا ہے اور اس دن حسب توفیق سفید رنگ کی مٹھائی لے کر اس پر تمام النبیاء علیہ السلام اور سورہ ٔ الحمد کے موکلین کی نیاز دلا کر ہدیہ کریںاور یہ مٹھائی خود بھی کھائیں اور بچوں میں تقسیم کریں۔
یہ عمل صرف ایک ہفتے کا ہے ۔ یعنی اتوار سے شروع کرکے بروز ہفتہ پر ختم ہوگا۔ اگر آپ کا کام یا حاجت جو شرعاً جائز ہو وہ پوری نہیں ہوئی تو اس عمل کو آپ تین ہفتے یعنی 21دن تک کریں انشاء اللہ تعالیٰ ان اکیس دنوں میں آپ کا مقصد اگر پہاڑ جیسا ہی کیوں نہ ہو وہ مقصد خالق کائنات کے دربار سے پورا ہوگا۔مگر خلوص نیت کی سخت ضرورت ہے کیونکہ روحانیت کا دارو مدار صرف اور صرف انسان کی اپنی نیت پر ہے ۔
خواتین اپنے ماہانہ ایام کو مدنظر رکھ کر یہ عمل شروع کریں۔ نئے چاند کی پہلی اتوار یعنی نو چندی اتوار سے شروع کریں۔ اس چیز کا سخت خیال رکھیں کہ شروع کے پہلے سات دنوں میں قمر در عقرب نہ ہو اگر شروع کے سات دنوں میں قمر ورعقرب بڑھ جائے تو ہر گز عمل شروع نہ کریں۔رجال الغیب کی کوئی قید نہیں ہے ۔ صرف اور صرف قمر در عقرب کا خیال رکھیں ۔روزانہ ایک وقت پر اور ایک جگہ پر عمل کریں یعنی آپ کو گھڑی کا ٹائم رکھنا ہوگا ۔ کبھی بھی اندازے والا ٹائم ہرگز نہ رکھیں ۔ وقت عمل اگر بتی جلائیں اور سب سے پہلے دو رکعت نماز حاجت بجا لائیں اور اس نماز کا ثواب سرور کونین حضرت محمد مصطفیٰ ؐ اور مولا علی علیہ السلام کی خدمت میں ہدیہ پیش کریں اور پھر سورہ فاتحہ پڑھنی شروع کریں۔
دوران عمل ایک ہفتہ یا حد اکیس دن تک کچا پیاز، کچا ٹماٹر ، لہسن، ادرک ،ہر قسم سلاد، ہر قسم کی چٹنی ، اچار وغیرہ سے مکمل پرہیز کرنا ہے آپ کو تھوڑی تکلیف تو ہوگی مگر اگر آپ کا مقصد اس ایک ہفتے یا حد تین ہفتوں میں حل ہوجائے تو اس سے بڑی کوئی کامیابی نہیں۔ خاص طور پر وہ نوجوان جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوتے ہوئے بھی ملازمت کیلے در بدر کی ٹھوکریں کھار ہے ہیں یا وہ افراد جن کو کاروباری طور پر نقصان در نقصان ہورہا ہے اور وہ بچیاں جو اچھی شکل وصورت اور اعلیٰ تعلیم رکھتے ہوئے بھی ان کی شادیوں میں طرح طرح کی رکاوٹیں ہورہی ہوں اُن کو یہ عمل ہر صورت کرنا چاہیے اس عمل کو شروع کرنے سے پہلے یہ نقش جو میں آپ کو ہدیہ کررہا ہوں ۔
اس نقش کو زعفران کی سیاہی سے لکھ کر اپنے سامنے رکھیں اور روزانہ کی تعداد کے مطابق سورہ فاتحہ پڑھ کر اس نقش پر دم کرتے رہیںاور آخری دن اس نقش کواپنے سیدھے بازو پر باندھ لیں یا اپنے گلے میں ڈال لیں اس عمل کے اثرات تازندگی رہیں گے بشرط یہ کہ آپ روزانہ اس طریقے سے سورہ فاتحہ ایک مرتبہ کسی بھی نماز کے ساتھ پڑھتے رہیں اور جب تک یہ نقش آپ کے پاس موجود رہے گا اس عمل کے اثرات آپ کو ملتے رہیں گے بہتر یہ ہے کہ آپ چاندی کے پترے پر یہ نقش شرف قمر میں کندہ کروالیں کیونکہ دھات پر کندہ کیا گیا نقش یا لوح تاحیات اثر رکھتی ہے اس نقش کو ایسے شخص سے کند ہ کروائیں جس نے کسی نہ کسی طریقے سے سورہ الحمد کی زکوٰۃ دی ہو ۔ شرف قمر ہر ماہ ہوتا ہے اور یہ ٹائم آپ کو باآسانی امامیہ جنتری سے مل جائے گا ۔ یہ نقش بسم اللہ الرحمن الرحیم سورہ الحمد اور اسم اعظم کے اعداد سے مخلوط لوح تیار کرکے دے رہا ہوں ۔ نقش میں چھوٹے ہندسے ہر گز نہ لکھیں یہ نقش کی چال کو ظاہر کررہے ہیں ۔اس نقش کا وفق ۱۸۴۶۷ ہے ۔