السلام علیکم ! اس تیز رفتار زمانے میں عربی عبارت یا ہو بہو ترجمہ یاد رکھنا دشوار ہو سکتا ہے ۔ عوام الناس کے لیے مفہوم پیش ہے۔ آپ اپنی زبان اوراپنے الفاظ میں مفہوم کی ادائیگی کرلیں ۔ اللہ کریم آپ کی ہماری اور امامیہ جنتری کے بانیان و کارکنان کی کوششیں مقبول و منظور فرمائے آمین ۔ 

جب وضو کے لیے پانی سامنے آئے تو کہیے یا اللہ تیرا شکر ہے کہ پانی کو پاک کرنے والا بنایا ۔ ہاتھ دھو کر جب کلی کریں تو کہیے یا اللہ میری زبان کو اپنے ذکر اور شکر کے لیے کھول دے ۔

ناک میں پانی ڈالتے وقت کہیے یا اللہ مجھے جنت کی خوشبو سے محروم نہ فرمانا ۔

چہرہ دھوتے وقت دعا کریں کہ قیامت میں میرا چہرہ سفید بنانا جب لوگوں کے چہرے سیاہ ہوں اور جس دن لوگوں کے چہرے سفید ہوں اس دن میرا چہرہ سیاہ نہ بنانا ۔

داہنا ہاتھ دھوتے وقت دعا کریں کہ میرا نامہ اعمال داہنے ہاتھ میں عطا فرمانا ۔

بایاں ہاتھ دھوتے وقت دعا کریں کہ میرا نامہ اعمال بائیں ہاتھ میں نہ دینا نہ ہی میری کمر پر لادنا اور نہ ہی میرے گلے میں طوق کی طرح لٹکانا ۔

سر کا مسح کرتے وقت دعا کیئجے کہ یا اللہ مجھے اپنی رحمتوں اور بخششوں میں ڈھانپ لے ۔

پیروں کا مسح کرتے وقت یا اللہ مجھے صراط مستقیم پر ثابت قدم رکھنا جب لوگوں کے قدم لڑکھڑا رہے ہوں ۔

 

 وضو کرکے 3 مرتبہ سورئہ قدر اناانزلنا پڑھ لیں ۔ اس طرح وضو کے بے حساب فوائد ہیں ۔ صرف اس بات کا خیال رکھیں کہ مسح کرنے والی جگہ کو غسل نہ دیں ( دھونا ) اور غسل والی جگہ یعنی دھونے والی جگہ کا مسح نہ کر لیں ورنہ وضو ہی نہیں ہوگا ۔ مسح کا مطلب گیلا ہاتھ پھرانا ۔

وضو اپنا اور اعمال بھی اپنے ہیں تو اپنی ذمہ داری سے سورئہ مائدہ آیت نمبر 6 وضو والی آیت خود چیک کریں عربی عبارت اور اردو ترجمہ خود ضرور اور اچھی طرح چیک کرلیں ۔ ترجمہ ملاحظہ فرمائیں ۔

اے ایمان والو! جب تم نماز کے لئے اٹھو تو اپنے منھ کو، اور اپنے ہاتھوں کو کہنیوں سمیت دھو لو اپنے سروں کا مسح کرو اور اپنے پاؤں کو ٹخنوں سمیت دھو لو، اور اگر تم جنابت کی حالت میں ہو تو غسل کرلو، ہاں اگر تم بیمار ہو یا سفر کی حالت میں ہو یا تم میں سے کوئی حاجت ضروری سے فارغ ہو کر آیا ہو، یا تم عورتوں سے ملے ہو اور تمہیں پانی نہ ملے تو تم پاک مٹی سے تیمم کرلو، اسے اپنے چہروں پر اور ہاتھوں پر مل لو اللہ تعالیٰ تم پر کسی قسم کی تنگی ڈالنا نہیں چاہتا بلکہ اس کا اراده تمہیں پاک کرنے کا اور تمہیں اپنی بھرپور نعمت دینے کا ہے، تاکہ تم شکر ادا کرتے رہو

فوائد باوضو ہو کر ہر چھوٹے سے چھوٹا عمل بھی ثواب کثیر کا سبب ہوتا ہے ۔ باوضو انسان پر جنات قابض نہیں ہوتے ۔ قرب قیامت کے حوالے سے جو بد اعمالیاں پیدا ہورہی ہیں ایسے حالات میں مولائے کائنات علی ابن ابوطالب؈نے مومنین کو باوضو رہنے کی ہدایت فرمائی ہے ۔ ایسا وضو کرنے سے تمام اعضائے وضو سے کئے ہوئے گناہ معاف ہوجاتے ہیں اور نہ صرف اعضائے وضو پاک ہوجاتے ہیں بلکہ معنوی اعتبار سے پورا جسم اور روح بھی پاک ہوجاتی ہے ۔

بڑا کرم اللہ کریم کایہ ہے کہ اس طرح کا کیا ہوا وضو اور اسی طرح کیا ہوا اگلا وضو کرنے کے درمیان کے گناہوں کا کفارہ یہ وضو ہی ہو جائے گا ۔ اس سے بھی بڑاکرم اللہ کریم کا یہ ہے کہ ایسے وضو کرنے سے پانی کے ہر قطرے سے اللہ رحمنٰ الرحیم ایک فرشتہ خلق فرماتا ہے اس فرشتے کے قیامت تک کے اعمال کاثواب وضو کرنے والے کے نامہ اعمال میں لکھے جائیں گے ۔

( ہر قطرے سے ایک فرشتہ ) اللہ تعالیٰ ہر قاری کو یسا وضو کرنے کی اور سورئہ مائدہ آیت نمبر 6 کا اردو ترجمہ خود چیک کرنے کی توفیق عطافرمائے آمین ۔ وضو کے فوائد حاصل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ اہلبیت پنجتن پاک سے سچی محبت اور پنجتن پاک کے ہر فرد کے قاتل کا نام جانتا ہو ۔ روحانی خدمت و مشورے کے لیے ۔