خدا کے نام سے ﴿شروع کرتا ہوں﴾ جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
پاک ہے خدا اور حمد خدا کے لئے ہی ہے اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور اللہ بزرگ تر ہے نہیں کوئی طاقت و قوت مگر وہ جو خدائے بزرگ و برتر سے ہے، پاک ہے خدا اوقات شب اور اطراف روز میں، پاک ہے خدا طلوع و غروب کے وقت، پاک ہے خدا شام اور صبح کے وقت، پاک ہے خدا جب تم شام کرتے اور جب تم صبح کرتے ہو، اور حمد اسی کیلئے ہے آسمانوں اور زمین میں اور بوقت عصر جب تم ظہر کرتے ہو، وہ مردہ سے زندہ کو نکالتا ہے اور زندہ سے مردہ کو نکالتا ہے اور زمین کو اسکی موت کے بعد زندہ کرتا ہے اور ایسے ہی تم قیامت میں نکالے جائو گے، پاک ہے تمہارا رب ان باتوں سے جو وہ لوگ بیان کیا کرتے ہیں اور سلام ہو تمام رسولوں پر اور حمد خدا ہی کے لئے ہے جو عالمین کا پروردگار ہے، پاک ہے وہ جو صاحب ملک و ملکوت ہے، پاک ہے وہ جو صاحب عزت و جبروت ہے، پاک ہے وہ جو بڑائی اور بزرگی کا مالک ہے بادشاہ بر حق، مقتدر اور منزہ ہے، پاک ہے خدا جو بادشاہ اور زندہ ہے کہ جسے موت نہیں، پاک ہے خدا جو بادشاہ زندہ و منزہ ہے، پاک ہے وہ جو قائم و دائم ہے، پاک ہے وہ جو دائم و قائم ہے، پاک ہے میرا رب جو عظمت والا ہے، پاک ہے میرا رب جو اعلٰی ہے، پاک ہے وہ جو ہمیشہ زندہ وپائندہ ہے ، پاک ہے وہ جو بلند و بالا ہے، وہ پاک اور برتر ہے، پاکیزہ و منزہ ہے ہمارا رب جو ملائکہ اور روح کا رب ہے، پاک ہے وہ ہمیشہ رہنے والا جو غافل نہیں، پاک ہے وہ جو بغیر تعلیم کے عالم ہے، پاک ہے وہ جو دیکھی ان دیکھی ہر چیز کا خالق ہے، پاک ہے وہ جو نظروں کو پاتا ہے اور نظریں اسے پا نہیں سکتیں اور وہ باریک بین و خبر والا ہے۔ اے معبود میں نے تیری طرف سے ملنے والی نعمت، خیر و برکت اور عافیت میں صبح کی پس رحمت فرما محمد (ص) [اور] آل محمد (ع) پر اور مجھ پر اپنی نعمت، اپنی خیر اور اپنی برکتیں اور اپنی عافیت پوری فرما جہنم سے نجات کے ذریعے اور مجھے اپنے شکر کی توفیق بھی دے اور اپنی طرف سے عافیت، عطا فرما اور مہربانی سے نواز جب تک میں زندہ ہوں ۔ اے معبود مجھے تیرے نور سے ہدایت اور تیرے فضل سے توانگری ملی ہے، تیری نعمت کیساتھ میں نے صبح کی اور شام کی ہے ۔ اے معبود میں تجھے گواہ بناتا ہوں اور تیری گواہی کافی ہے اور گواہ بناتا ہوں تیرے ملائکہ، انبیاء، رسل اور تیرے عرش کے حاملین تیرے آسمانوں اور تیری زمین کے رہنے والوں اور تیری مخلوق کو اس بات پر کہ یقینا تو ہی اللہ ہے تیرے سوا کوئی معبود نہیں، تو یکتا ہے تیرا کوئی ثانی نہیں اور اس پر کہ حضرت محمد (ص) تیر ے بندے اور تیرے رسول ہیں اور بے شک تو ہر چیز پر قادر ہے، تو ہی زندہ کرتا اور موت دیتا ہے اور موت دیتا اور زندہ کرتا ہے، میں گواہی دیتا ہوں کہ جنت حق ہے جہنم حق ہے، قبروں سے جی اٹھنا حق ہے اور قیامت آنے والی ہے اس میں کوئی شک نہیں، اور خدا اسے زندہ کرے گا جو قبر میں ہے، میں گواہی دیتا ہوں کہ امام علی ابن ابی طالب (ع) مومنین کے بر حق امیر ہیں، اور یہ کہ انکی اولاد میں سے جو آئمہ ہیں وہی ہدایت
یافتہ ہدایت دینے والے ہیں وہ نہ گمراہ ہیں اور نہ گمراہ کرنے والے ہیں، اور یہ کہ وہی تیرے چنے ہوئے اولیاء اور تیری غالب جماعت ہیں، وہ تیری مخلوق میں سے برگزیدہ اور بہترین افراد ہیں اور وہ ایسے شریف ہیں جن کو تو نے اپنے دین کی خاطر چنا اور انہیں اپنی مخلوق میں خاص مرتبہ دیا، تو نے انھیں اپنے بندوں میں سے منتخب کیا اور ان کو عالمین کیلئے اپنی حجت قرار دیا، ان پر تیرا درود اور سلام ہو اور ان پر خدا کی رحمت اور برکات ہوں اے معبود! میری یہ گواہی اپنے ہاں درج فرما لے تاکہ قیامت کے دن تو مجھے اسکی تلقین کرے اور تو مجھ سے راضی ہو جائے بے شک تو ہر اس پر جو تو چاہے قادر ہے ۔ اے معبود ! تیرے لئے حمد ہے جس کا پہلا حصہ بلند ہوتا ہے اور آخری ختم ہونے والا نہیں۔ اے معبود ! حمد تیرے ہی لئے ہے ایسی حمد کہ آسمان تیرے آگے اپنے شانے جھکا دے اور زمین اور جو اس پر ہے وہ تیری تسبیح کرے۔ اے معبود ! تیرے لئے حمد ہے ایسی حمد جو ہمیشہ ہمیشہ جاری رہے جو نہ رکتی ہے نہ ختم ہوتی ہے وہ تیرے ہی لائق ہے اور تجھی تک پہنچتی ہے وہ میرے دل میں زبان پر میرے سامنے مجھ سے پہلے میرے بعد میرے پہلو میں میرے اوپر اور میرے نیچے ہے جب میں مروں اور قبر میں تنہا ہو جائوں پھر خاک در خاک ہو جائوں، اور تیرے لئے حمد ہے جب قبر میں اٹھ بیٹھوں اور کھڑا کیا جائوں ۔ اے مولا اے معبود حمد اور شکر تیرے ہی لئے ہے، تیرے تمام و مکمل اوصاف کے ساتھ تیری سبھی نعمات پر حتی کہ حمد وہاں پہنچے جہاں تو چاہتا ہے اے ہمارے رب جس میں تیری رضا ہے ۔ اے معبود ! تیرے لئے حمد ہے تمام اشیاء خورد و نوش پر زور و طاقت اور پکڑنے و کھولنے اور جسم کے ہر بال بال پر تیری حمد ہے اے معبود! تیرے لئے حمد ہے ہمیشہ کی حمد تیرے دوام کے ساتھ تیرے لیے حمد ہے ایسی حمد جس کی تیرے علم کے علاوہ کہیں انتہائ نہیں، تیرے لیے حمد ہے جس کی مدت تیری مشیت سے سوا نہیں ہے، تیرے لیے حمد ہے کہ حمد کرنے والے کا اجر تیری رضا کے علاوہ نہیں، تیرے لیے حمد ہے جو جانتے ہوئے بھی نرمی کرتا ہے، تیرے لیے حمد ہے کہ قوت کے باوجود درگذر فرماتا ہے، تیرے لیے حمد ہے تو وجہ حمد ہے، تیرے لیے حمد ہے کہ تو مالک حمد ہے، تیرے لیے حمد ہے کہ تجھ سے ابتدائ حمد ہے، اور تیرے لیے حمد ہے کہ تجھ سے انتہائ حمد ہے، تیرے لیے حمد ہے کہ تو حمد کا آغاز کرنے والا ہے، تیرے لیے حمد ہے کہ تو خریدار حمد ہے، تیرے لیے حمد ہے تو نگہبان حمد ہے، تیرے لیے حمد ہے کہ تو قدیمی حمد والا ہے، اور تیرے لیے حمد ہے کہ تو وعدے میں سچا عہد کا پکا ہے توانا لشکر والا پائدار بزرگی والا، اور تیرے لیے حمد ہے کہ تو اونچے درجوں والا ہے دعائیں قبول کرنے والا ہے، ساتوں آسمانوں سے بلند تر مقام سے آیات نازل کرنے والا ہے، بڑی برکتوں والا ہے، نور کو تاریکیوں سے نکالنے والا تاریکیوں میں پڑے کو روشنی کی طرف لانے والا، گناہوں کو نیکیوں میں بدلنے والا، اور نیکیوں کو بلند مراتب میں بدلنے والا، اے معبود تیرے لیے حمد ہے کہ تو گناہ معاف کرنے والا توبہ قبول کرنے والا سخت
عذاب دینے والا اور عطا کرنے والا ہے تیرے سوا کوئی معبود نہیں بازگشت تیری ہی طرف ہے، اے معبود تیرے لیے حمد ہے رات میں جب وہ چھا جائے، تیرے لیے حمد ہے دن میں جب وہ روشن ہو جائے، تیرے لیے حمد ہے دنیا اور آخرت میں، تیرے لیے حمد ہے آسمان کے ستاروں اور فرشتوں کی تعداد کے برابر، تیرے لیے حمد ہے خاک اور ریت کے ذروں اور پھلوں کی گٹھلیوں کی تعداد کے برابر، تیرے لیے حمد ہے فضائ آسمان میں موجود چیزوں کی تعداد کے برابر، تیرے لیے حمد ہے تہ زمین میں موجود چیزوں کی تعداد کے برابر، تیرے لیے حمد ہے سمندروں کے پانیوں کے وزن کے برابر، تیرے لیے حمد ہے درختوں کے پتوں کی تعداد کے برابر، تیرے لیے حمد ہے زمین پر موجود چیزوں کی تعداد کے برابر، تیرے لیے حمد ہے تیری کتاب میں موجود تعداد کے برابر، تیرے لیے حمد ہے تیرے علم میں موجود تعداد کے برابر، تیرے لیے حمد ہے انسانوں، جنوں، حشرات، پرندوں، چرندوں اور درندوں کی تعداد کے برابر، بہت زیادہ پاک اور بابرکت حمد اے پروردگار تجھے پسند اور جس پر تو راضی ہو اور جیسی حمد تیری شان کرم اور تیری جلالت کے لائق ہے ۔
پھر دس مرتبہ کہیں: اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں جو یکتا ہے جس کا کوئی ثانی نہیں اس کیلئے ملک ہے اسی کیلئے حمد ہے اور وہ باریک بین خبر دار ہے ۔
پھر دس مرتبہ: اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو یکتا ہے جسکا کوئی ثانی نہیں اسی کیلئے ملک اور اسی کے لیے حمد ہے جو زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے، مارتا اور زندہ کرتا ہے اور زندہ ہے جسے موت نہیں اسی کے ہاتھ میں خیر ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے ۔
پھر دس مرتبہ: میں اللہ سے بخشش چاہتا ہوں جس کے سوا کوئی معبود نہیں وہ زندہ و پائندہ ہے اور اسی کے حضور توبہ کرتا ہوں ۔
پھر دس مرتبہ: یا اللہ یا اللہ، دس مرتبہ: اے رحمت کرنے والے اے رحمت کرنے والے، پھر دس مرتبہ: اے مہربان اے مہربان، پھر دس مرتبہ: اے آسمانوں اور زمین کے پیدا کرنے والے، پھر دس مرتبہ: اے صاحب جلالت و بزرگی، پھر دس مرتبہ: اے مہربانی کرنے والے اے احسان کرنے والے ، پھر دس مرتبہ: اے زندہ و پائندہ، پھر دس مرتبہ: اے زندہ کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں، پھر دس مرتبہ: اے اﷲ اے وہ ذات کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں، پھر دس مرتبہ: خدا کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے، پھر دس مرتبہ: اے معبود! محمد (ص) وآل محمد (ع) پر رحمت فرما، پھر دس مرتبہ: اے معبود میرے ساتھ وہ برتائو کر جس کا تو اہل ہے، پھر دس مرتبہ: ایسا ہی ہو ایسا ہی ہو، پھر دس مرتبہ: "کہو ﴿اے نبی﴾ اللہ ایک ہے" پڑھیں ۔
پھر کہیں: اے معبود میرے ساتھ وہ برتائو کر جس کا تو اہل ہے اور مجھ سے وہ نہ کر جس کا میں اہل ہوں بیشک تو بچانے والا اور بخشنے والا ہے اور میں گناہ کرنے والا اور خطائیں کرنے والا ہوں پس رحم کر مجھ پر اے میرے مولا اور تو سب سے زیادہ رحم کرنے والا ہے ۔
پھر دس مرتبہ: کوئی طاقت وقوت نہیں سواے اسکے جو اللہ کیطرف سے ہے بھروسہ رکھتا ہوں اس زندہ پر جسے موت نہیں اور حمد ہے اس اللہ کیلئے جس نے کسی کو بیٹا نہیں بنایا اور نہ کوئی اسکی حکومت میں شریک ہے اور نہ کوئی اس کا مدد گار ہے بوجہ اسکے عجز کے اور اس کی بڑائی بیان کرتے رہا کرو۔
وضاحت / تفصیلات::
یہ بڑی معتبر دعاؤں میں سے ہے لیکن اسکے نسخوں میں خاصا فر ق پا یا جا تا ہے ہم اسے شیخ کی کتاب مصباح المتہجد سے نقل کر رہے ہیں۔ہر صبح و شا م اسکا پڑ ھنا مستحب ہے۔ لیکن اسکے پڑ ھنے کا ا فضل وقت جمعہ کے دن عصر کے بعدہے ۔